Thursday, April 18, 2024

پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی ،ارکان کے ایک دوسرے کو دھکے

پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران  ہنگامہ آرائی ،ارکان کے ایک دوسرے کو دھکے
May 17, 2018
لاہور ( 92 نیوز) پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی کے باعث ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرتا رہا۔اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا تو حکومتی ارکان بھی میدان میں اتر آئے ، ارکان اسمبلی نے ایک دوسرے کو دھکے بھی دیئے ۔ پنجاب اسمبلی کی موجودہ مدت کے آخری اجلاس کے الوداعی لمحات میں ارکان دست و گریبان ہوگئے ، جب ذکر نوازشریف کے بیانیے کا ہوا تواپوزیشن کے تنقیدی الفاظ پر حکومتی ڈیسکوں کی جانب سے بھرپورجواب آیا ، ایسے میں ن لیگ کے ملک عمر فاروق کے بنی گالہ اورتحریک انصاف کے عارف عباسی کےاقلیتی رکن کے خلاف نازیباالفاظ پر ایوان میدان جنگ بن گیا ۔ حکومتی رکن شہزادمنشی اورطارق گل عارف عباسی پر چڑھ دوڑے تو عارف عباسی نے بھی آستینیں چڑھالیں ،دست و گریبان ہوتے ارکان کو کنٹرول کرنے میں اسپیکر بھی ناکام رہے ۔ ا سپیکر نے کچھ ارکان کو باہر نکالنے کابھی حکم دیا، لڑائی زیادہ بڑھی تو کچھ حکومتی اور اپوزیشن ارکان تصادم روکنے کےلئے میدان میں آگئے۔ لڑائی کا ڈراپ سین یہ ہواکہ عارف عباسی نے اپنے الفاظ پر معذرت کرلی ، اقلیتی ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کیا اورسیڑھیوں پر احتجاج کرتے ہوئے عارف عباسی کی معطلی کا مطالبہ کرڈالا۔ ایوان میں تحریک انصاف کے رکن آصف محمودا سپیکر سے الجھ پڑے ، آخری اجلاس میں تلخیاں اورہنگامہ آرائی عروج پر رہی۔