Friday, March 29, 2024

پنجاب اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس پہلے روز ہی غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی

پنجاب اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس پہلے روز ہی غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی
October 4, 2018
لاہور( 92 نیوز ) پنجاب اسمبلی کاہنگامہ خیزاجلاس پہلے روز ہی غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کردیاگیا ، اجلاس میں ڈانس پارٹیوں کی گونج رہی  ،  اسپیکر کے الفاظ پراپوزیشن مشتعل ہوگئی، شور شرابے میں اپوزیشن گرجی برسی تو وزرا نے بھی کھری کھری سنا دیں۔ پنجاب اسمبلی کےاجلاس  میں حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے آگئے ،  مسلم لیگ ن کی رکن عظمیٰ بخاری  نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کوتنقیدکاہدف بنالیا ، بولیں جناب اسپیکر آپ کا منصب غیر جانبدار ہونا چاہئے، میڈیا پراپوزیشن کے خلاف جو گفتگو کرتے ہیں وہ قابل اعتراض ہے ۔ اسپیکر نےعظمیٰ بخاری کا نقطہ اعتراض مسترد کرکے مائیک بند کرادیا ، مسلم لیگ ن کے ارکان کا کہنا تھا کہ اسپیکر کو اپوزیشن کی باتیں برداشت کرنی چاہئیں ۔ جس پر چودھری پرویز الٰہی بولے کہ ہم نے تویہاں آپ کی ڈانس پارٹیاں بھی برداشت کی ہیں  ۔ مسلم لیگ ن کے رکن سمیع اللہ خان کا کہنا تھا کہ سب کو پتہ ہے کہ ڈانس پارٹی کے نام سےکون سی جماعت مشہور ہے  ،  آپ نے ہم پر نہیں تحریک انصاف پر تنقید کی ہے ۔ ڈانس پارٹی کے الفاظ پر ایوان میں شورشرابا برپا رہا ، وزراء بھی اپوزیشن پر برس پڑے ۔ اجلاس میں وقفے وقفے سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تکراراورلفظی گولہ باری ہوتی رہی۔ اسپیکر نے پہلے روز ہی اجلاس کو غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دیا۔