Wednesday, April 24, 2024

پنجاب اسمبلی کا اجلاس مسلسل دوسرے روز ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا

پنجاب اسمبلی کا اجلاس مسلسل دوسرے روز ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا
November 10, 2020
 لاہور (92 نیوز) پنجاب اسمبلی کا اجلاس مسلسل دوسرے روز ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا۔ حکومت اور اپوزیشن کے ارکان نے نعرے لگائے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے 31 منٹ کی تاخیر سے اسپیکر چودھری پرویز الہٰی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ پنجاب اسمبلی میں دوسرے روز بھی حکومت اور اپوزیشن ارکان آمنے سامنے آ گئے۔ کسانوں کے احتجاج پر پولیس تشدد پر اپوزیشن ارکان برہم ہو گئے۔ اپوزیشن ارکان نشستوں سے کھڑے ہو گئے اور سپیکر کے ڈائس کے سامنے دھرنا دے دیا۔ اپوزیشن کے جواب میں حکومتی ارکان بھی بنچوں پر کھڑے ہو گئے۔ صوبائی وزراء نے لیگی قیادت کے خلاف نعرے بھی لگوا دئیے۔ وزیر قانون راجہ بشارت  نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے جو رویہ پرائیویٹ ممبر ڈے پر ہوا وہ غیر جمہوری ہے۔ اجلاس کے دوران دھان کی امدادی 2300 روپے فی من کرنے کے مطالبے کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی۔