Friday, April 26, 2024

پنجاب اسمبلی نے تحفظ بنیاد اسلام بل کی منظوری دیدی

پنجاب اسمبلی نے تحفظ بنیاد اسلام بل کی منظوری دیدی
July 23, 2020

لاہور ( 92 نیوز) پنجاب اسمبلی نے تحفظ بنیاد اسلام بل کی منظوری دے دی،چودھری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ ”تحفظ بنیاد اسلام“ تاریخی بل ہے جو دین کی حفاظت اور سربلندی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، وفاق اور صوبے اس معاملے میں ہماری تقلید کریں۔

تحفظ بنیاد اسلام بل کی منظوری پر اسپیکر پنجاب اسمبلی  چودھری پرویزالہٰی نے پورے ایوان کا شکریہ ادا کیا اور کہا یہ بل دین کی سربلندی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا، وفاق اور صوبے اس معاملے میں ہماری تقلید کریں۔

چودھری پرویز الہٰی نے کہا بل کے سیکشن نمبر 3 شق ایف کو پینل کوڈ 1860ء کی شق نمبر 295 سی میں شامل کیا جائے، مقدس ہستیوں، آقائے کریم، خلفائے راشدین، امہات المومنین، اہل بیت اطہار، صحابہ اور اسلام کی حفاظت ہو سکے گی۔

صوبائی وزیر معدنیات  حافظ عمار یاسر نے کہا  تحفظ ختم نبوت تحریک میں حصہ لینے والوں کے نام ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

ایک سال قبل تین کتابوں میں نبی کریم ﷺ، خلفائے راشدین اور اسلام کے بارے میں توہین آمیز زبان استعمال کی گئی، حافظ عمار یاسر نے قرارداد پیش کی جو متفقہ طور پر منظور ہوئی۔

تحفظ بنیاد اسلام کا قانون منظور کرانے پر اسپیکر پرویز الہٰی، وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، وزیر قانون بشارت راجہ،  حکومت اور اپوزیشن کے تمام اراکین کو مبارکباد پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی۔