Thursday, March 28, 2024

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کا اسمبلی کی سیڑھیوں پر حکومت کیخلاف احتجاج

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان  کا اسمبلی کی سیڑھیوں پر  حکومت کیخلاف احتجاج
October 22, 2018
لاہور ( 92 نیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن ارکان  کی جانب سے اسمبلی کی سیڑھیوں پر بازوؤں پر  سیاہ پٹیاں باندھ کر حکومت کے خلاف احتجاج  کیا ۔ مظاہرین نے 6 لیگی ارکان کی پنجاب اسمبلی میں داخلے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا، اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ملک کبھی چندے سے نہیں چلتے ۔ہم متنبہ کرتے ہیں کہ یہ پنجاب بینک کے ڈاکے کے داغ کو نہیں دھوسکتے ۔ اپوزیشن نے آج بھی اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہوئے اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاجی دھرنا دے دیا اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی ،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی  حمزہ شہباز  خوب گرجے برسے  ۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ  حکومت اپنی ہی غلطیوں کے بوجھ تلے دب کر ختم ہو جائیگی، عمران خان  نئے  پاکستان کا مقدمہ  ہار چکے ہیں ، یہ کھلاڑی نہیں اناڑی ہیں ملک نہیں چلا سکتے  ۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا احتساب بھی  حمزہ شہباز کو  نہ بولا  ، ان کی وکالت کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ  بغیر کسی ثبوت  کے اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کرتے ہیں اور پھر مولا جٹ والے نعرے لگاتے ہیں۔ حمزہ شہباز نے  وزیر اعظم  پر  طنز  کرتے ہوئے کہا کہ جس کی اپنی کابینہ میں خود گیارہ گیارہ کرپٹ لوگ موجود ہو  انکے منہ سے بیوروکریسی اور پولیس کے  کام نہ کرنے کے بارے میں بیان دلچسپ لگتا ہے  ۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس کو کل 11 بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا جبکہ اپوزیشن لیڈر کی جانب کل پارلیمانی پارٹٰی کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔