Saturday, April 20, 2024

پنجاب اسمبلی میں امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش مطیع الرحمان کو سزائے موت کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

پنجاب اسمبلی میں امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش مطیع الرحمان کو سزائے موت کیخلاف مذمتی قرارداد منظور
May 11, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پنجاب اسمبلی  نے امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش مطیع الرحمان  کو سزائے موت دیے جانے کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس اسپیکر رانا محمد اقبال کی زیرصدارت شروع ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید اور جماعت اسلامی کے رکن وسیم اختر کی جانب سے جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے امیر کو سزائے موت دیے جانے کے خلاف  الگ لگ قراردادیں پیش کی گئیں۔ قرارداد میں حکومت سے پھانسیوں کا معاملہ عالمی انسانی حقوق کے اداروں میں اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ جماعت اسلامی کے امیر کو پاکستان سے محبت کے جرم میں پھانسی دی گئی جو قابل مذمت ہے۔ ایوان نے قرارداد  متقفہ طور پر منظور کر لی۔ اجلاس کے دوران ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا آرڈیننس پیش کیا گیا جس کے تحت زرعی ادویات، کھاد اور خوراک سے متعلقہ اشیاء و خورونوش کے ٹیسٹ کے لئے فرانزاک لیباٹریاں قائم کی جائیں گی۔ غلط فرانزاک رپورٹ دینے یا ردوبدل کرنے پر ایک ماہ سے تین سال تک سزا جبکہ بیس ہزار سے پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ کیا جائے گا۔ اسمبلی کے احاطے میں پیپلز پارٹی کی رکن فائزہ ملک کی جانب سے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ کورم کی نشاندہی کے بعد اجلاس جمعرات کی صبح دس بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔