Monday, September 16, 2024

پنجاب اسمبلی : صوبے میں ہسپتالوں کی حالت زار پر حکومتی و اپوزیشن اراکین کا احتجاج

پنجاب اسمبلی : صوبے میں ہسپتالوں کی حالت زار پر حکومتی و اپوزیشن اراکین کا احتجاج
February 10, 2016
لاہور (92نیوز) پنجاب اسمبلی نے قرار دیا ہے کہ صحت کی بہترین سہولتیں حاصل کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور حکومت انہیں یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔ حکومت کی جانب سے شعبہ صحت پر توجہ نہ دینے پر اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکومتی رکن اسمبلی بھی پھٹ پڑے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس سوا گھنٹے کی تاخیر سے اسپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں شروع ہوا توایجنڈے پر محکمہ صحت کے حوالے سے سوالات کے جواب رکھے گئے تھے۔ حکومتی رکن میاں طاہر جمیل فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مناسب طبی سہولتیں فراہم نہ کرنے پر واک آوٹ کرگئے۔ اپوزیشن رکن میاں اسلم اقبال پنجاب حکومت پر خوب برسے اور کہا کہ ہسپتالوں میں لوگ مررہے ہیں لیکن حکومت کو کوئی فکر نہیں۔ میاں اسلم اقبال کی تقریر سننے کے بعد صوبائی پارلیمانی سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ حکومت شعبہ صحت کیلئے تمام وسائل فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ ایوان نے مانانوالہ میں آئل ٹینکر کے تصادم کے نتیجہ میں ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مستقبل میں ایسے سانحات سے بچنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔