Monday, September 16, 2024

پمز کے ڈاکٹروں کی ٹیم آج نوازشریف کا کارڈیک سنٹرمیں طبی معائنہ کریگی

پمز کے ڈاکٹروں کی ٹیم آج نوازشریف کا کارڈیک سنٹرمیں طبی معائنہ کریگی
July 30, 2018
راولپنڈی (92 نیوز) نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل پانچ رکنی میڈیکل بورڈ آج معائنہ کرے گا۔ میڈیکل ٹیم میں کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر نعیم ملک، ڈاکٹر اختر علی بندیشہ اور میڈیکل اسپیشلسٹ شامل ہیں۔ اسپتال میں سابق وزیر اعظم کے شوگر، بلڈپریشر، ای سی جی سمیت دیگر ٹیسٹ مکمل کر لیے گئے جبکہ ڈاکٹروں کی ٹیم طبی معائنہ کے بعد میڈیکل بورڈ سے مشاورت کرے گی۔ نوازشریف کا بلڈ پریشر زیادہ ہونے کے باعث گزشتہ رات ادویات بھی بڑھا دی گئی تھیں۔ پمز  کے کارڈیک سنٹر میں نواز شریف کیلئے کمرہ تیار ہو گیا ، اسپتال کا شعبہ امراض قلب سب جیل قرار دیا گیا۔ نوازشریف کے ٹیسٹ کرنے کے بعد پانچ رکنی ٹیم آگے کا فیصلہ کرے گی۔ نواز شریف کی پمز اسپتال منتقلی کے دوران شدید بدنظمی بھی دیکھنے میں آئی۔ پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکن آمنے سامنے آگئے۔ کارڈیک وارڈ کے سامنے دونوں جماعتوں کے کارکن ایک دوسرے  کوجوتے  دکھاتے رہے۔ سابق وزیر اعظم کے خلاف نعرے لگانے والا  شخص بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پمز میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیئے گئے۔ سابق وزیراعظم کا سامان بھی اڈیالہ جیل سے اسپتال  پہنچا دیا گیا۔ عمران خان  نے  نوازشریف کی جلد اور مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔