Wednesday, April 24, 2024

پمز اسلام آباد میں کورونا سے متاثر ڈاکٹرز ،مریضوں کا علاج کرنے پر مجبور

پمز اسلام آباد میں کورونا سے متاثر ڈاکٹرز ،مریضوں کا علاج کرنے پر مجبور
May 5, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز)  پمز اسلام آباد میں ہیلتھ کئیر ورکرز کورونا کی زد میں آگئے ، کورونا میں مبتلا ڈاکٹرز کورونا مریضوں کا علاج کرنے پر مجبور ہو گئے ۔

کورونا مریضوں کی دیکھ بھال پر تعینات کورونا وائرس مریضہ ڈاکٹر ثروت کی جانب سے ویڈیو پیغام سامنے آگیا ، کہا کہ  یہاں تین دن پہلے میرے ساتھ کام کرنے والی ایک ڈاکٹر  کا کورونا پازیٹو آیا تھا ، مجھ میں بھی تمام کورونا علامات ہیں لیکن اس کے باوجود ڈیوٹی پر بلایا گیا۔

ڈاکٹر ثروت نے کہا کہ   آج صبح میرے ٹیسٹ کی رپورٹس میں کورونا مثبت آیا ، اس سے پہلے ڈاکٹر میں کورونا سامنے آنے پر انتظامیہ کو ایم سی ایچ سیل کرنے کا کہا گیا تھا لیکن کوئی اقدامات نہ کیے گئے، انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے کورونا ہونے کے باوجود ڈیوٹی کرنے پر مجبور رہی ،  صبح سے ایک ایسے کمرے میں بند کر دیا گیا جس میں واش روم تک نہیں۔

ڈاکٹر ثروت نے کہا کہ انتظامیہ سے درخواست کی تھی کہ کووڈ19 مریضوں کے لیے مختص پرائیویٹ روم میں رکھا جائے۔

چینل 92 نیوز نے ڈاکٹر ثروت کی آواز اٹھائی تو اسپتال انتظامیہ کو بھی ہوش آگیا ، ترجمان پمز اسپتال ڈاکٹر وسیم خواجہ نے بتایا کہ ڈاکٹر ثروت کو نجی وارڈ میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

دوسری طرف کورونا سے متاثرہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد 519 تک پہنچ گئی ہے ، وزارت نیشنل ہیلتھ اینڈ ایمرجنسی سروس کی رپورٹ کے مطابق طبی عملے کے 171 افراد کورونا سے صحتیاب ہوئے جبکہ  10 جان کی بازی ہار گئے۔

میڈیکل سے وابستہ 130 افراد مختلف اسپتالوں میں اور 259 افراد گھروں اور دیگر مقامات پر قرنطینہ کئے گئے ہیں۔

 ادھر پی ایم اے نے لاک ڈاؤن  میں توسیع کا مطالبہ کردیا ، ڈاکٹر اشرف نظامی کہتے ہیں 509 میڈیکل پروفیشنل کورونا کا شکار ہو چکے ہیں ، اسپتالوں اور میڈیکل پروفیشنلز کی تعداد کم پڑتی جارہی ہے۔