Friday, April 19, 2024

پلوامہ حملے سے متعلق بھارت کی جانب ڈوزیئر ملا ہے ، ترجمان دفترخارجہ

پلوامہ حملے سے متعلق بھارت کی جانب ڈوزیئر ملا ہے ، ترجمان دفترخارجہ
February 28, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پلوامہ حملے سے متعلق بھارت کی جانب سے ڈوزیئر ملا ہے  مشاہدہ کرینگے ۔ پہلے ہی کہا تھا بھارت ٹھوس ثبوت دے ، پاکستان کارروائی کریگا ۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ  بھارتی وزیر خارجہ کی کشیدگی کم کرنے کی خواہش کا خیر مقدم کرتے ہیں ، بھارت کے اندر آوازیں اٹھ رہی ہیں کہ مودی خطے کو تباہی کے راستے پر لیکر جا رہے ہیں ، بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے۔ بھارتی پائلٹ کی گرفتاری پر بھی ترجمان نے پاکستان کی پوزیشن واضح کی کہا پائلٹ کو جنگی قیدی کا درجہ دینا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ بعد میں ہوگا، پائلٹ پر کون سا کنونشن لگنا ہے اس کا فیصلہ ایک دو روز میں ہوجائے گا۔ اگر ایسا واقعہ بھارت میں ہوتا تو صورتحال مختلف ہوتی۔ ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ پاک بھارت کشیدگی پر دونوں ممالک عالمی براداری سے رابطے میں ہیں ۔دہشتگردی کو بنیاد بنا کر بھی بھارت کو بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں، اگر اس کا کوئی قانونی جواز گھڑا جائے تو پھر پاکستان بھی کسی پر حملہ کرسکتا ہے۔ او آئی سی میں بھارت کی شرکت پر ترجمان نے کہا بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج او آئی سی میں جائیں گی تو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی شریک نہیں ہوں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو بالا کوٹ لے کر جانے کا بھی اعلان کیا۔