Tuesday, May 14, 2024

پلواما واقعہ پر بھارت کے جھوٹے الزامات کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

پلواما واقعہ پر بھارت کے جھوٹے الزامات کیخلاف متفقہ قرارداد منظور
February 20, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی نے پلواما واقعہ پر بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات اور دھمکیوں کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ قومی اسمبلی اجلاس اڑھائی گھنٹے کی تاخیر سے سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں شروع ہوا تو سپیکر نے حکومت اور اپوزیشن کی تجویز پر  بھارتی دھمکیوں اور الزامات  کے خلاف خود  قرارداد پڑھی جسے متفقہ طورپر منظور کرلیا گیا۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پلوامہ حملے پر پاکستان کے خلاف بھارتی پروپیگنڈہ کی مذمت کرتا ہے، بھارت کی جانب سے پلوامہ واقعہ کے فورا بعد ردِعمل کے طور پر بے بنیاد الزامات کی مذمت کرتا ہے ۔ قرارداد میں کہا گیا تمام سیاسی جماعتوں اور وزیراعظم نے بین الاقوامی تحقیقات کی پیش کش کی ہے، بھارت جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے اصل حقائق سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے۔ کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے ۔ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو رہا ہے۔ قومی اسمبلی کو تحریری طور پر بتایا گیا ہے کہ سٹیل ملز کو چلانے کے لئے نجکاری کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں کینسر سے مرنے والوں کی تعداد 12.7 فیصد ہے۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے سرگودھا سے نو منتخب رکن عامر سلطان چیمہ نے حلف اٹھا لیا۔ اسمبلی اجلاس کل دس بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔