Saturday, April 27, 2024

پلاسٹک میسی کے نام سے شہرت پانے والا افغان بچہ کوئٹہ پہنچ گیا

پلاسٹک میسی کے نام سے شہرت پانے والا افغان بچہ کوئٹہ پہنچ گیا
May 2, 2016
کوئٹہ (92نیوز) پلاسٹک میسی کے نام سے شہرت پانے والا افغانستان کا معصوم مرتضی میسی جان بچانے کی غرض سے کوئٹہ پہنچ گیا۔ مرتضی میسی اپنے ہیرو ارجنٹائن کے سٹار فٹ بالر میسی سے ملنے کا خواہش مند ہے اور ان دنوں شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر میسی کے نقش قدم پر چل کردنیا بھر میں اپنا منفرد نام پیدا کرنے کا خواہش مند معصوم افغان بچہ مرتضی احمدی جسے سب میسی جونیئر کے نام سے پکارتے ہیں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کوئٹہ پہنچ گیا ہے۔ 5سالہ مرتضی کو افغانستان میں اس وقت شہرت حاصل ہوئی جب اس نے میسی کی شرٹ کی مماثلت سے پلاسٹ شاپنگ بیگ پہن کر اپنے آئیڈیل سے اپنی محبت کا انوکھا انداز دکھایا۔ فٹ بال کے کھیل سے بے حد لگاو اور اپنے آئیڈیل سے بے پناہ محبت کی یہ داستان میسی تک بھی پہنچی جس پر میسی نے اپنی سائن کردہ شرٹ فٹ بال اور کچھ پیسے اس ننھے فین کو بھیجے جس کے بعد دنیا بھر سے معصوم مرتضی کےلئے تحفے تحائف کا سلسلہ شروع ہوا جو اس کے اور اسکے اہل خانہ کے لئے خطرہ بن گئے۔ مرتضی میسی کے والد کا کہنا تھا کہ افغانستان میں انکی جان کو لاحق خطرات کے باعث انھوں نے کوئٹہ کو ہی محفوظ مقام جان کر یہاں ہجرت کی اور اب وہ پاکستان اور افغانستان سے مرتضی کی میسی سے ملاقات کےلئے مدد کے متقاضی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک بیرون ملک جانے کےلئے انکی معاونت کریں۔ مرتضیٰ کے لئے میسی جیسا بننا یقینا ایک خواب ہے جسکی تکمیل کےلئے وہ دن رات محنت کرنا ہو گی۔