Saturday, May 11, 2024

پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی کیخلاف لاہور، فیصل آباد میں احتجاج

پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی کیخلاف لاہور، فیصل آباد میں احتجاج
October 1, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی کے خلاف لاہور اور فیصل آباد میں احتجاج کیا گیا ۔ پلاسٹک شاپنگ بیگز  بنانے والے کارخانوں کے مالک ،ملازم اوردکاندار سڑکوں پر نکل آئے ، ن لیگ بھی فیکٹری مالکان کی حمایت میں میدان میں آگئی،خاتون  ایم پی اے نے صوبائی اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔ لاہور میں مال روڈ پر آل پنجاب شاپنگ بیگز ایسوسی ایشن نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں  فیکٹری ،کارخانہ مالکان اور ملازمین  کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور  مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ لاہور میں  احتجاج کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثرہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فیصل آباد میں بھی پلاسٹک شاپنگ بیگز پر پابندی کیخلاف  تاجر سراپا احتجاج بن گئے ،گھنٹہ گھر کے اطراف اور چنیوٹ بازار میں پلاسٹک بیگز کی دکانیں بند رکھی گئیں  جب کہ مارکیٹوں میں احتجاجی بینرز آویزاں کردیے گئے۔ ن لیگی خاتون رکن اسوہ آفتاب کی طرف سے پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں شاپنگ بیگز بنانے والی 5ہزارفیکٹریاں ہیں،10لاکھ سے زائد ملازمین کام کررہے ہیں، فیکٹریاں بند کرنے سے قبل متبادل روزگار کا انتظام کیا جائے۔