Thursday, March 28, 2024

چوری اور پلازہ پر قبضے میں نامزد ڈھائی سالہ ”ملزم“ عدالت پیش

 چوری اور پلازہ پر قبضے میں نامزد ڈھائی سالہ ”ملزم“ عدالت پیش
December 19, 2015
اسلام آباد (92نیوز) شہر اقتدار کی مثالی پولیس نے کمال مہارت اور پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈھائی سالہ بچے کے خلاف چوری اور پلازے پر قبضے کا مقدمہ درج کر ڈالا۔ کمسن بچے کو گود میں اٹھا کر عدالت پیش کیا گیا۔ مقامی عدالت نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی ایک ادارے کے غلط کام کرنے پر عدالت آنکھیں بند نہیں کرسکتی۔ عدالت نے مقدمہ درج کرنے والے تفتیش افسر اور ایس ایچ او سے وضاحت طلب کرتے ہوئے جواب مانگ لیا۔ تفصیلات کے مطابق محمدخالد نامی شخص کی درخواست پر تھانہ شالیمار میں درج مقدمے میں عدیل اصغر، اشتیاق بنگش‘ رفیق اور مصطفی کے علاوہ عثمان کے خلاف چوری اور ہوٹل پر قبضے کا مقدمہ درج کیا گیا۔ مدعی کی کہانی پر عمل کرنے والے کیس کے تفتیشی افسر نے یہ جاننے کی بھی کوشش نہ کی کہ اس میں نامزد کئے گئے عثمان کی عمر تو ڈھائی سال ہے۔ مثالی پولیس کی اعلی کارگردگی کا پول تو اس وقت کھلا جب ورثاءکمسن بچے کو گود میں اٹھائے ضمانت کے لئے عدالت پہنچ گئے۔ ایڈشنل سیشن جج راجہ آصف نے بچے کی ضمانت کے لئے درخواست پر وکلاءسے استفسار کیا کہ پولیس اب بچے کو گرفتار بھی کرے گی اور اس کی گرفتاری کے لئے کیا طریقہ کار اپنائے گی۔ عدالت نے مقدمہ درج کرنے والے تفتیشی افسر اور ایس ایچ کو وضاحت اور جواب کے لئے طلب کرلیا۔ بچے کے وکیل کا کہنا تھا کہ پولیس نے ملی بھگت سے بغیر تحقیق کئے مقدمہ درج کیا۔ ایڈیشنل سیشن جج راجہ آصف نے کیس میں نامزد دیگر تین ملزموں کی عبوری ضمانت 7جنوری تک منظور کرلی۔ مقدمے مین نامزد ڈھائی سالہ عثمان کو گود میں اٹھا کر کمرہ عدالت تک لایا گیا۔ اس دوران کچہری میں وکلاءاور لوگوں کی ایک بڑی تعداد اس منظر کو دیکھنے کے لئے موجود تھی۔