Saturday, April 20, 2024

پشین ، لیویز کی گاڑی کے قریب دھماکہ،تحصیلدار اور گن مین سمیت7افراد زخمی

پشین ، لیویز کی گاڑی کے قریب دھماکہ،تحصیلدار اور گن مین سمیت7افراد زخمی
January 6, 2019
پشین ( 92 نیوز)بلوچستان کے ضلع پشین میں لیویز کی گاڑی کے قریب دھماکے سے تحصیلدار سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکا سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل  میں ہوا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ سے ملحقہ پشین کے وسطی علاقے پولیس لائن جان اڈہ کے قریب تحصیلدار بوستان عبدالمالک ترین کی گاڑی کو بم سے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں تحصیلدار عبدالمالک ترین، محافظ صلاح الدین سمیت 7 افراد زخمی ہوئے، جس میں راہ گیر بھی شامل ہیں۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور ایف سی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال پشین منتقل کردیا گیا۔سیکیورٹی حکام کے مطابق حملہ آوروں کا ہدف لیویز کی گاڑی تھی۔ دھماکے سے تحصیلدار کی گاڑی کے اگلے اور بائیں جانب کے حصے کو شدید نقصان پہنچا اور اس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس کو دھماکے کی جگہ سے ایک موٹر سئایکل کے پرزے بھی ملے ہیں ۔بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرلیے۔ حکام کے مطابق دھماکا سڑک کنارے کھڑی کی گئی موٹر سائیکل پر نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا، جب کہ دھماکے میں پانچ کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگو نے بم دھماکے کی مذمت اور واقعہ میں تحصیلدار ، لیویز اہلکار اور شہریوں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔