Friday, April 26, 2024

پشتنخوامیپ کے صوبائی صدر سابق سینٹر عثمان کاکڑ انتقال کرگئے

پشتنخوامیپ کے صوبائی صدر سابق سینٹر عثمان کاکڑ انتقال کرگئے
June 21, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) پشتنخوامیپ کے صوبائی صدر سابق سینٹر عثمان کاکڑ انتقال کرگئے۔ 

اہل خانہ کے مطابق عثمان کاکڑ کو برین ہمیرج ہوا تھا، کراچی کے اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

عثمان خان کاکٹر کی عمر 59 سال تھی، وہ 2015 سے 2021 تک سینیٹر رہے، ان کا سیاسی کیریئرچالیس سال پر محیط تھا۔ زمانہ طالب علمی سے ہی پارٹی کی طلبہ تنظیم پی ایس او سے وابستہ رہے۔

پی کے میپ نے صوبہ بھر میں سات روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔ تدفین 23 جون کو پانچ بجے ان کے آبائی علاقے مسلم باغ میں ہوگی۔ بلوچستان میں تاجر تنظیموں نے بھی سوگ میں شٹرڈاؤن کا اعلان کردیا۔

سینیٹ میں عثمان کاکڑ کے انتقال پر تعزیتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔ قرارداد اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی نے پیش کی۔ عثمان کاکڑ کے انتقال پر دعائے مغفرت کی گئی، سینیٹر مولانا فیض محمد نے دعائے مغفرت کی۔

عثمان کاکڑ کی وفات کی خبر سنتے ہی سیاسی سماجی اور عوامی حلقوں میں غم و رنج کی لہر دوڑ گئی۔

سابق صدر آصف زرداری، بلاول بھٹو، شہباز شریف، مریم نواز، شاہ محمود قریشی نے سینیٹر عثمان کاکڑ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی سینیٹرعثمان کاکڑ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہارکیا۔ مرحوم کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔