Friday, April 26, 2024

پشاور،یوم دفاع کی تقریب میں جنگی آلات و دفاعی سامان کی نمائش کا اہتمام

پشاور،یوم دفاع کی تقریب میں جنگی آلات و دفاعی سامان کی نمائش کا اہتمام
September 6, 2018
پشاور ( 92 نیوز) پشاور کے کیپٹن کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں یوم دفاع کے موقع پر جنگی آلات اور دفاعی ساز وسامان کی خصوصی نمائش کا انعقاد کیا گیا ، نمائش میں بچوں اور بڑوں کا سمندر امڈ آیا ۔  دشمن کےخلاف استعمال ہونے والے ہتھیار لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے ۔ ملک بھر کی طرح پشاور میں دفاع اور شہداء کا دن ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ کیپٹن کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں جنگی سازوسامان کی نمائش سجائی گئی ،  بچے، بڑے اور خواتین نے دفاعی آلات اور سازوسامان میں خوب دلچسپی دکھائی۔ نمائش میں جنگی گن شپ ہیلی کاپٹر سمیت جدید ترین توپیں بھی نمائش کے لئے رکھی گئی تھیں۔ کوئی جدید اسلحے، ٹینک اور کوبرا ہیلی کاپٹر کو چھو کر دیکھتا رہا تو کسی نے اس میں بیٹھ کرسیلفیاں لیں۔ نمائش دیکھنے والوں کا کہنا تھا کہ روایتی اور جدید ہتھیار دیکھ کر ان کے اندر دفاع وطن کا جذبہ مزید جوان ہو گیا۔ یوم دفاع کے موقع پر سجائی گئی نمائش میں نہ صرف 1965 کی جنگ میں دشمن کو سبق سکھانے والے ہتھیار رکھے گئے بلکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں استعمال ہونے والا جنگی سازوسامان بھی نمائش کا حصہ تھا۔