Monday, May 13, 2024

پشاورہائی کورٹ، امیرمقام کی ضمانت قبل ازگرفتاری میں 18 نومبر تک توسیع

پشاورہائی کورٹ، امیرمقام کی ضمانت قبل ازگرفتاری میں 18 نومبر تک توسیع
November 10, 2020
پشاور (92 نیوز) پشاورہائی کورٹ نے لیگی رہنماء امیرمقام کی ضمانت قبل ازگرفتاری میں 18 نومبر تک توسیع کردی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء امیرمقام آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کی توثیق کے لئے عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت لیگی رہنماء امیرمقام نے استدعا کی کہ جلسوں کے باعث ضمانت میں 22 نومبر کے بعد تک توسیع کی جائے۔ عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ عدالت کا جلسوں سے کوئی تعلق نہیں۔ عدالت نے 18 نومبر تک ضمانت میں توسیع کردی۔ جسٹس قیصررشید نے امیرمقام کو عدالت میں درست انداز میں کھڑا ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ یہ عدالت ہے اسمبلی نہیں۔ عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت میں امیرمقام کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس عوام کو ریلیف دینے کےلئے کچھ نہیں۔ وزراء نے گالم گلوچ اور الزامات لگانے کےسوا کچھ نہیں سیکھا۔ امیرمقام کے خلاف نیب آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں انکوائری کررہا ہے۔ امیرمقام نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کےلئے ہائی کورٹ سے ضمانت قبل ازگرفتاری کرا رکھی ہے۔