Thursday, April 18, 2024

پشاور،سانحہ یکہ توت کے 10 شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ ادا ،تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل

پشاور،سانحہ یکہ توت کے  10 شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ ادا ،تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل
July 11, 2018
پشاور( 92 نیوز ) پشاور کے علاقہ یکہ توت میں اے این پی کے انتخابی اجتماع پر خودکش حملے میں امیدوار صوبائی اسمبلی ہارون بلور سمیت شہید افراد کی تعداد بیس ہوگئی جبکہ  سانحہ میں شہید دس افراد کی اجتماعی نمازجنازہ ادا کردی گئی۔ سانحہ کی تحقیقات کےلئے 7 رکنی جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی۔ شہر کی فضاء سوگوارہے ،بلور ہاؤس میں تعزیت کےلئےسیاسی اور سرکاری شخصیات کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ پشاور کے علاقہ یکہ توت میں گزشتہ رات انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خودکش حملے میں شہید افراد کی تعداد  بیس ہوگئی ہے ، دھماکے میں 62 افراد زخمی ہوئے جب کہ سانحہ کے دس شہداء کی نمازجنازہ عیسٰی خیل یکہ توت میں ادا کردی گئی ، اشکبار آنکھوں کے ساتھ مقامی قبرستان میں تدفین کردی گئی۔ خودکش حملے میں بشیراحمد بلورشہید کے صاحبزادے اور پی کے 78 سے امیدوار ہارون بلورکی شہادت پرفضاء سوگوار ہے ،  کورکمانڈرپشاور، گورنرخیبرپختونخوا، آئی جی پولیس سمیت بڑی تعداد میں سیاسی، سرکاری شخصیات اور اے این پی کے کارکن بلورہاؤس پہنچے۔ ہارون بلور کے صاحبزادے دانیال بلورکہتے ہیں دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں ان کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔ آئی جی خیبرپختونخوا نے سانحہ کی تحقیقات کےلئے 7 رکنی جے آئی ٹی تشکیل دے دی ،  ایس ایس پی آپریشنز جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ سانحہ یکہ توت کی ایف آئی آر تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلی گئی ہے،ہارون بلور کی نمازجنازہ کےلئے بھی سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔