Friday, May 17, 2024

پشاور،جوڈیشل کمپلیکس میں فائرنگ سے وکیل سمیت 3افرادزخمی

پشاور،جوڈیشل کمپلیکس میں فائرنگ سے وکیل سمیت 3افرادزخمی
September 15, 2018
پشاور ( 92 نیوز) پشاور کے جوڈیشل کمپلیکس میں فائرنگ سے سینیئرقانون دان سمیت تین افراد زخمی ہوگئے، فائرنگ کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتارکرلیا۔ ملزم نے مخالفین پر فائرنگ کی لیکن سینئر وکیل سمیت دو  دیگر افراد نشانہ بن گئے ،خیبرپختونخوا بار کونسل نے پیر کو عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔ پشاور کے خیبرروڈ پر واقع جوڈیشل کمپلیکس میں اس وقت افراتفری مچ گئی جب ایک نوجوان کی فائرنگ سے سینئر وکیل یوسف ریاض ان کا اسسٹنٹ اور ایک چائے والا زخمی ہوگیا۔ فائرنگ کے بعد پولیس نے گیٹ بند کردیئے اور ملزم کو گرفتارکرلیا۔ ملزم سعید اللہ سکنہ چمکنی نے پولیس کو بتایا کہ اس نے دیرینہ دشمنی پرمخالفین کو نشانہ بنانا تھا مگر زد میں وکیل اور شہری آگیا ۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا ، اسپتال ذرائع کے مطابق تینوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دوسری جانب عدالت میں ناقص سکیورٹی پر  خیبرپختونخوا بار کونسل نے پیر کو عدالتی بائیکاٹ کا اعلان کردیا۔