Friday, May 3, 2024

پشاور ، ہوٹل میں دھماکا، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق، 2 زخمی

پشاور ، ہوٹل میں دھماکا، ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق، 2 زخمی
May 11, 2018
پشاور (92 نیوز) پشاور میں جی ٹی روڈ پر واقع ایک ہوٹل میں دھماکا ہوا جس میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔  مرنے والوں میں دو خواتین اور تین بچے شامل ہیں جبکہ دو زخمی بھی ہوئے۔ ہنگو کی فیملی جی ٹی روڈ پربلال ٹاؤن میں ہوٹل کے کمرے میں ٹھہری ہوئی تھی ۔ رات تین بج کر تیس منٹ پر اچانک  ہوٹل دھماکے سے گونج اٹھا ۔ جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین اور تین بچے شامل ہیں ۔ خاندان کا سربراہ اور بھائی شدید زخمی ہیں جنہیں اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔ دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں ۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ  کے سربراہ اے آئی جی شفقت ملک کے مطابق دھماکا گیس لیکج کا معلوم ہوتا ہے۔ سی سی پی او پشاور قاضی جمیل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دھماکے کی نوعیت بارے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے ۔ ہوٹل کے باقی کمروں کو بھی چیک کیا جارہا ہے، بم ڈسپوزل اپنا کام کر رہا ہے، اس کے بعد ہی کوئی رائے دی جائے گی عینی شاہد کے مطابق دھماکے کے بعد ایسا لگا جیسے زلزلہ آیا ہو۔ عمارت کے شیشے ٹوٹے ہوئے تھے اور بچوں کے چیخنے کی آوازیں آرہی تھیں۔ پولیس کے مطابق دھماکے سے ہوٹل کی پارکنگ میں کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔