Tuesday, May 7, 2024

پشاور، گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس فراہمی کیلئے حکومت کا سی این جی سٹیشن بند کرنیکا اعلان

پشاور، گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس فراہمی کیلئے حکومت کا سی این جی سٹیشن بند کرنیکا اعلان
December 19, 2020

پشاور (92 نیوز) پشاور میں گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی کے لئے حکومت نے سی این جی سٹیشن بند کرنے کا اعلان کیا ہے، حکومتی احکامات کے مطابق سی این جی سٹیشن چار دن تک بند رہیں گے، جبکہ سی این جی سٹیشن مالکان نے احکامات پر عمل نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

خیبر پختونخوا میں بالعموم اورپشاور میں بالخصوص گیس بحران شدت اختیار کر گیا تو ای این جی پی ایل نے نے چار روز تک سی این جی اسٹیشن بند کرانے کا اعلان کر دیا۔

سی این جی سٹیشنوں کو جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب بند کیا گیا تاہم صبح ہوتے ہی سی این جی مالکان نے سرکاری ہدایات ماننے سے انکار کرکے سٹیسشن کھول دیئے جس سے شہریوں کو گیس کی فراہمی ایک بار پھر متاثر ہو گئی۔

سی این جی اسٹیشن مالکان کا کہنا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کا واضح حکم موجود ہے جس کے تحت خیبر پختونخوا میں سی این جی اسٹیشنوں کو گیس کی سپلائی معطل نہیں کی جا سکتی اس لئے انہوں نے ایس این جی پی ایل کا حکم ماننے سے انکار کیا ہے۔

خیبر پختونخوا حکومت نے گیس کے مسئلے پرچپ سادھ لی ہے جس سے مسئلہ ختم ہونے کے بجائے مزید گھمبیر ہو رہا ہے۔