Saturday, May 11, 2024

پشاور ، گل آباد میں لا پتہ ہونیوالے دو سالہ بچے کی بوری بند لاش برآمد

پشاور ، گل آباد میں لا پتہ ہونیوالے دو سالہ بچے کی بوری بند لاش برآمد
March 20, 2021

پشاور (92 نیوز)پارا چنار کے دو سالہ بچے کو پشاور کے علاقہ گل آباد میں بے دردی سے قتل کردیا گیا، بچہ اپنی دادی کے ساتھ گل آباد میں واقع فلیٹس میں چچا کے گھر آیا ہوا تھا۔ ایک دن قبل لاپتہ ہوا اور پھر بوری بند لاش ملی۔

یہ دو سالہ ننھا فرمان اللہ پارا چنار ضلع کرم سے اپنی دادی کے ساتھ پشاور میں چچا کے گھر آیا، تھانہ پہاڑی پورہ کے علاقہ گل آباد میں واقع چمکنی فلیٹس میں مقیم فرمان اللہ ایک روز قبل اچانک لاپتہ ہوگیا۔ تلاش کے باوجود فرمان اللہ کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔

صبح کے وقت فلیٹس کی سیڑھیوں پر پڑی بوری ملی جس میں فرمان اللہ کی لاش موجود تھی، پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش تحویل میں لی۔ پولیس کے مطابق ننھے فرمان اللہ کو گلے پر تیزدھار آلے سے وار کرکے قتل کیا گیاہے۔

مقتول کی دادی نے پولیس کو رپورٹ درج کراتے ہوئےکسی پردعویداری کی اور نہ کسی پرشبہ ظاہرکیا،مقتول بچے کا والد سیف اللہ دبئی میں ملازمت کرتا ہے۔ پولیس نے واقعہ کی مختلف پہلوئوں سے تفتیش شروع کردی ہے۔