Monday, September 16, 2024

پشاور کے طلبا نے ایک لٹر میں 180کلومیٹر چلنے والی گاڑی بنا لی

پشاور کے طلبا نے ایک لٹر میں 180کلومیٹر چلنے والی گاڑی بنا لی
February 15, 2017

پشاور (92نیوز) پشاور میں طلبا نے انتہائی کم خرچ گاڑی تیار کر لی ہے، گاڑی ایک لٹر میں 180 کلومیٹر چلتی ہے۔ گاڑی کو 16مارچ کو سنگاپور میں ہونے والی نمائش میں پیش کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور میں نجی یونیورسٹی کے طلبا نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک لٹر میں 180 کلومیٹر چلنے والی گاڑی تیار کر لی ہے۔ 50 سی سی انجن والی اس گاڑی میں ایک شخص سفر کر سکتا ہے جو 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

مکینیکل انجنیئرنگ کے 6 طلبا کی تیار کردہ اس گاڑی میں نصب تمام پرزے مقامی طور پر تیار کئے گئے ہیں۔ ایروڈائنامک ڈیزائن کی تیار کی گئی اس گاڑی کو ہوا کی کم سے کم مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لئے کم سے کم خرچ کر کے یہ گاڑی زیادہ سے زیادہ فاصلہ طے کر سکتی ہے۔

اس گاڑی کو سنگاپور میں نمائش کے لئے چن لیا گیا ہے جہاں نوجوان انجنیئرز اپنی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔