Wednesday, May 8, 2024

پشاور کے شہریوں کی صحت کا راز !!! مکئی کی روٹی، ٹھنڈی لسی اور ساگ

پشاور کے شہریوں کی صحت کا راز !!! مکئی کی روٹی، ٹھنڈی لسی اور ساگ
June 17, 2015
پشاور (92نیوز) مکئی کی روٹی، ساگ اور ٹھنڈی ٹھار لسی گرمیوں میں پشاور میں شہریوں کا پسندیدہ لنچ بن گیا۔ یہ سادہ غذا جہاں سستی خوراک ہے تو وہاں یہ کئی امراض کا سدباب کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شدید گرمی میں جب من کچھ اور کھانے کو نہ چاہے تو پشاور کی گلی کوچوں میں ارزاں قیمت بہترین لنچ ہر جگہ دستیاب ہے، جی ہاں مکئی کی روٹی کے ساتھ ساگ کا مزہ ہی کچھ اور ہے اور لسی ساتھ ہو تو کیا ہی بات ہے۔ مزدور ہو یا پھر بازاروں میں آنے والے شہری، سبھی ساگ اور لسی شوق سے کھاتے ہیں، بغیر گھی اور روغن کے ملاوٹ سے پاک اس غذا کا کوئی ثانی نہیں۔ ہر نوالے کے ساتھ لسی کی ایک گھونٹ سے جو فرحت ملتی ہے وہ دنیا کے کسی بھی کھانے میں نہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق یہ غذا جہاں معدے کےلئے مفید ہے وہاں ساگ بلند فشار خون اور سرطان سمیت دیگر کئی امراض کا راستہ روکنے میں مددگار ہے اور پشاور کے شہریوں کی صحت کا راز بھی اسی خوراک میں پوشیدہ ہے۔