Sunday, May 19, 2024

پشاور کے شہری گرمیوں میں بھی گیس کے لئے ترسنے لگے

پشاور کے شہری گرمیوں میں بھی گیس کے لئے ترسنے لگے
September 24, 2017

پشاور (92 نیوز) سردیوں میں گیس پریشر میں کمی کا تو سنا تھا لیکن لوگوں کو گرمیوں میں بھی گیس کےلئے ترستے کبھی نہیں دیکھا ۔ پشاور کے شہری علاقے کاکشال کے لوگ گیس کے بل بھرنے کے باوجود ایل پی جی اور لکڑیاں بطورایندھن استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔ اہل علاقہ کئی سالوں سے فریاد کرتے کرتے تھک ہارگئے۔

 پشاور کے شہری علاقے کاکشال کے لوگ عجیب و غریب مسئلے سے دوچار ہیں ۔ کہیں گیس کا پریشر کم ہے تو کہیں گیس سرے سے آ ہی نہیں رہی جس کی وجہ سے علاقہ کے سینکڑوں گھروں میں خواتین کو ایندھن کے طور پر متبادل اورمہنگے ذرائع پرانحصار کرنا پڑ رہا ہے ۔

 انوکھی بات یہ ہے کہ گھروں میں گیس نہیں آتی لیکن بل ہرماہ باقاعدگی سے آتے ہیں۔ جو انہیں باقاعدگی سے بھرنے بھی پڑتے ہیں۔

 علاقے کے مکینوں کے مطابق لکڑی اور سلنڈر کی گیس استعمال کرنے کی وجہ سے ان کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے جبکہ سیاسی جماعتوں کے لوگ الیکشن کے دنوں میں گیس کا مسئلہ حل کرنے کے وعدہ کرکے غائب ہوجاتے ہیں ۔