Thursday, May 2, 2024

پشاور کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز نے کام آج بھی شروع نہ کیا

پشاور کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز نے کام آج بھی شروع نہ کیا
May 17, 2019
پشاور (92 نیوز) پشاور کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹرز نے کام آج بھی شروع نہ کیا ۔ ایل آرایچ، کے ٹی ایچ اور ایچ ایم سی میں ایمرجنسی کے علاوہ او پی ڈیز بند ہیں۔ پشاور کے خیبرٹیچنگ اسپتال میں کچھ روز قبل وزیرصحت کے گارڈ کے ہاتھوں ڈاکٹرضیاء الدین کی پٹائی پر ڈاکٹر سراپا احتجاج ہیں۔ پشاورسمیت خیبرپختونخوا میں اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی ہڑتال جاری ہے،  لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاورمیں ڈاکٹروں نے پہلے ایڈمنسٹریشن بلاک کے سامنے نعرہ بازی اور پھرمختلف شعبوں میں مارچ کیا۔ وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ بزرگ اور شریف آدمی پر انڈے پھینکنا کہاں کا انصاف ہے ، جو ڈاکٹر تبادلے اور اصلاحات نہیں مانیں گے وہ گھر جائیں گے یا پھر ہم ۔ شوکت یوسفزئی نے خبردار کیا کہ جوڈاکٹر خود بھی ہڑتال کر رہے ہیں اور دوسروں کو اکسا رہے ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ  مذاکرات اور احتجاج ڈاکٹروں کا حق ہے مگر  ڈاکٹروں کے احتجاج سے عام آدمی متاثر ہو رہا ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہم نے  5 سال میں 5 ہزار سے زائد ڈاکٹروں کا اضافہ کیا گیا، ضلعی سطح پر بھی ڈاکٹروں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا،  ہم نے 142 فیصد ڈاکٹروں میں اضافہ کیا،  ہر مطالبے کومانا۔ ان کا کہنا تھا کہ  ہم نے ڈاکٹروں کا ہیلتھ پروفیشنل  الاؤنس 10ہزار سے بڑھا کر40 ہزار کیا، پیرمیڈیکس کا ہاؤس الاؤنس نہیں تھا،10 ہزار روپے کیا، نرسوں کا ڈریس الاؤنس 600 سے بڑھا کر3100 روپے کیا۔ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی لیکن حکومت کے جانب سے گھٹنے ٹیکنے کا خیال دل سے نکال دیں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ  کیا پڑھا لکھا ڈاکٹر ایک بوڑھے آدمی پر انڈا پھینکتا ہے، گالیاں دینے پر کوئی خاموش نہیں رہ سکتا، انکوائری کے بعد تفصیلات سامنے آجائیں گی۔