Friday, April 19, 2024

پشاور کے تینوں بڑے اسپتالوں کے ڈاکٹرز کی کام چھوڑ ہڑتال

پشاور کے تینوں بڑے اسپتالوں کے ڈاکٹرز کی کام چھوڑ ہڑتال
May 2, 2019
 پشاور (92 نیوز) پشاور کے تین بڑے اسپتالوں کے ڈاکٹرز نے اپنے مطالبات منوانے کےلئے مسیحائی چھوڑکر ہنگامہ آرائی پراتر آئے۔ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ڈاکٹروں نے او پی ڈی پر دھاوا بول دیا۔ پشاور کا لیڈی ریڈنگ اسپتال ہائے ہائے کی صدائوں سے گونج اٹھا۔  یہ صدائیں مریضوں کی نہیں بلکہ ان مسیحائوں کی تھیں جو ڈومیسائل کی بنیاد پرڈاکٹروں کے تبادلے، ضلع اور ریجنل سطح پر ہیلتھ اتھارٹیزقائم کرنے اور دیگر مطالبات کے خلاف احتجاج کے لئے جمع ہوئے۔ ڈاکٹرز نےاوپی ڈی پر دھاوا بول دیا۔ ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹروں کو زبردستی کلینک سے نکالا۔ اسپتال کے اندر ڈاکٹروں کے احتجاج اور ہنگامہ آرائی کے باعث مریض علاج نہ ہونے کی تکلیف سے کراہتے رہے۔ ڈاکٹرز نے ایل آرایچ میں ہنگامہ آرائی کے بعد جی ٹی روڈ پر مارچ کیا اور صوبائی اسمبلی چوک میں دھرنا دے دیا۔ ڈاکٹروں کے احتجاج کے باعث خیبر روڈ پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ پولیس کی بھاری نفری کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تیار ہے۔