Thursday, April 25, 2024

پشاور کی ننھی پریسا مہنگے علاج کیلئے وزیراعظم کی توجہ کی منتظر

پشاور کی ننھی پریسا  مہنگے علاج کیلئے وزیراعظم کی توجہ کی منتظر
October 1, 2018
پشاور ( 92 نیوز  ) پشاورکی پیدائشی طورپر گونگی بہری بچی کے والدین نے ننھی پریسا کی قوت سماعت اورگویائی لوٹانے کےلئے وزیراعظم سے فریاد کردی، پریسا کے والد کا کہنا ہے کہ بچی کے علاج پرپندرہ لاکھ روپےخرچ اس کے بس میں نہیں، عمران خان گزشتہ دور میں سرکاری طورپر شروع ہونے والا علاج جاری رکھنے کی ہدایت کریں۔ پشاور کے علاقہ گھنٹہ گھر کی پریسا   بولنے اورسننے کی صلاحیت سے پیدائشی طور پر محروم ہے، پریسا کے والدین نے علاج کرا کے اس کی قوت سماعت اور گویائی واپس لوٹانے کی کوشش کی لیکن  15 لاکھ روپے علاج کا خرچ ان کے بس کی بات نہ تھی۔ سوشل میڈیا کے ذریعے ملنے والے پیغام کے ذریعے پریسا کے والد کی رسائی وزیراعظم ہاؤس تک ہوئی اور پھر اس کا سرکاری خرچ پر علاج شروع ہو گیا۔ ننھی پریسا کے والد کا کہنا ہے کہ حکومت کی تبدیلی کے ساتھ پریسا کے علاج کا سلسلہ منقطع ہو گیا ہے،وزیراعظم عمران خان پریسا کے لئے مسیحا بن کر علاج جاری رکھنے کا حکم دیں۔ پریسا کی زندگی کی خوشیاں لٹانے کے لئے اس کے والدین کی تمام امیدیں وزیراعظم ہاؤس سے وابستہ ہیں۔ گزشتہ دور حکومت میں تین سال کی پریسا کا علاج تو وزیراعظم ہاؤس کے خرچ پر ہوتا رہا۔ پریسا کے والدین کو امید ہے کہ وزیراعظم عمران خان ان کی بیٹی اور اس طرح کے دیگر بچوں کا علاج سرکاری خرچ پر جاری رکھیں گے۔