Thursday, April 25, 2024

پشاور کی عظمت رفتہ کو اجاگر کرنے کے لئے شہر میں نمائش کا اہتمام

پشاور کی عظمت رفتہ کو اجاگر کرنے کے لئے شہر میں نمائش کا اہتمام
October 19, 2018
پشاور (92 نیوز) پشاور کی عظمت رفتہ کو اجاگر کرنے کے لئے شہر میں نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ جنوبی ایشیاء کے قدیم ترین زندہ شہر پشاور اپنے اندر صدیوں کی ثقافت اور طرز تعمیر کے نمونے سموئے ہوئے ہے۔ پشاور سے تعلق رکھنے والی آرٹسٹ زارا سرفراز نے شہر کے قدیم بازاروں، گلی کوچوں اور تیزی سے معدوم ہوتی پرانی عمارتوں کو آنے والی نسلوں کے لئے کینوس پر محفوظ کر لیا ہے۔ خانہ فرہنگ ایران میں منعقدہ نمائش دیکھنے کے لئے شہر کے کونے کونے سے آرٹ کے دلدادہ لوگ وہاں پہنچے۔ اس موقع پر آرٹسٹ اور شاعرہ زارا سرفراز کا کہنا تھا کہ نمائش کا مقصد نوجوان مصوروں کو دنیا میں متعارف ہونے والی نئی جہتوں سے روشناس کرانا ہے۔ آرٹ کے شائقین نے فن پاروں میں خوب دلچسپی لی اور آرٹسٹ کی محنت اور فن کے نمونوں کو خوب سراہا۔ آرٹسٹ زارا سرفراز 56 سولو نمائش منعقد کرا چکی ہیں۔ انہیں ایبسٹریکٹ آرٹ کے ساتھ ساتھ آئل پینٹنگز پر بھی عبور حاصل ہے۔