Friday, May 10, 2024

پشاور کا علاقہ پلوسی بجلی چوروں کا گڑھ بن گیا

پشاور کا علاقہ پلوسی بجلی چوروں کا گڑھ بن گیا
July 9, 2020

پشاور ( 92 نیوز ) پشاور میں ایک ایسا علاقہ بھی ہے جہاں نہ تو بجلی کے میٹر ہیں اور نہ ہی بل کی ادائیگی کا کوئی تصور ہے، کنڈے ڈال کر بجلی استعمال کرنا حق سمجھا جاتا ہے، بجلی کے اس غیرقانونی استعمال سے قومی خزانے کو ماہانہ لاکھوں روپے کا ٹیکہ لگایا جارہا ہے۔

نہ بجلی کا میٹر اور نہ کوئی بل ، یہ ہے پشاور کا علاقہ پلوسی جہاں بجلی کا بل دینے کا کوئی تصور ہی نہیں۔ چار گاؤں کے پانچ ہزار گھروں پر مشتمل آبادی کےلئے کنڈے ڈال کر بجلی کا بے دریغ استعمال کوئی مسئلہ ہی نہیں، جگہ جگہ بجلی کی تاروں پر کنڈے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس دیدہ دلیری پر پیسکو اہلکار بھی کوئی کارروائی کرنے کی جرات نہیں کرسکتے۔

مین یونیورسٹی روڈ سے دس منٹ کے فاصلے پر واقع علاقہ پلوسی کے رہائشیوں کے مطابق علاقے میں بجلی ہوتی ہی نہیں تو بل کس بات کا دیں۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وہ بجلی بندش کے باعث کنڈے ڈالنے پر مجبور ہیں۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پیسکو اہلکار نہ تو میٹر لگانے آئے اور نہ ہی بل بھیجنے کی زحمت کی اس لئے گھر گھر مفت بجلی کا استعمال ہورہا ہے۔