Friday, April 26, 2024

  پشاور : ڈینگی سے متاثرہ بچہ دم توڑ گیا

   پشاور : ڈینگی سے متاثرہ بچہ دم توڑ گیا
November 1, 2015
پشاور(92نیوز)صوبائی دارالحکومت پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ بچہ ہسپتال میں دم توڑ گیا، شہر میں ڈینگی سے جا ں بحق افراد کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 14 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ تفصیلات کےمطابق پشاور میں ڈینگی کا ایک اور مریض خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں دم توڑ گیا، ڈینگی سے جان بحق ہونے والے 13 سالہ بچے کا تعلق شہر کے علاقے تہکال سے ہے۔ تہکال میں اس سے قبل بھی خاتون سمیت دو افراد ڈینگی کا شکار ہوگئے تھے تاہم ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد گھر میں موت کے منہ میں چلے گئے۔ خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جن میں سر فہرست مانسہرہ ہے جہاں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 506 تک پہنچ گئی۔ ایبٹ آباد میں 449، مالاکنڈ میں 363 پشاور میں 90 جبکہ سوات میں 28 افراد میں ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں تاہم حکومتی سطح پر اقدامات دکھائی نہیں دے رہے۔ ڈینگی کے باعث متعدد افراد جان کی بازی ہار گئے مگر حکومت کی خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے، ہسپتالوں میں آئسولیشن وارڈ تک موجود نہیں۔