Friday, April 19, 2024

پشاور ، چیف جسٹس پاکستان کا دورہ لیڈی ریڈنگ اسپتال ونجی میڈیکل کالج

پشاور ، چیف جسٹس پاکستان کا دورہ لیڈی ریڈنگ اسپتال ونجی میڈیکل کالج
April 19, 2018
پشاور (92 نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال اور نجی میڈیکل کالج کا اچانک دورہ کیا اور شہریوں کے مسائل سنے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں نجی میڈیکل کالج سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران میں وقفہ کے دوران اچانک کالج پہنچ گئے۔  چیف جسٹس نے کالج کے کلاس رومز اور طلبہ کو سہولیات کا جائزہ لیا۔ چیف جسٹس نے کالج کے پرنسپل کی کلاس میں لیٹ آنے پر سرزنش کی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار اچانک لیڈی ریڈنگ اسپتال گئے۔ انتہائی نگہداشت سمیت مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اسپتال کے درجہ چہارم ملازمین کے عہدیدار اپنے مسائل پیش کرنے چیف جسٹس کے پاس پہنچے تو جسٹس ثاقب نثار نے اسپتال ملازم کو یونیفارم میں نہ ہونے پر جھاڑ پلا دی۔ چیف جسٹس نے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں سہولیات کے حوالے سے اسپتال انتظامیہ سے معلومات حاصل کیں۔ پشاور میں اسپتالوں اور اسکولوں کے دورے کے دوران چیف جسٹس صوبےمیں بجلی کی لوڈشیڈنگ پربھی برہم دکھائی دیئے اور کہا کہ رات سے یہاں موجود ہوں اس دوران 7 مرتبہ بجلی گئی ۔ ادھر سپریم کورٹ پشاور رجسٹری میں پروٹوکول کیس کی سماعت میں چیف جسٹس نے آئی جی پختونخوا سے استفسار کیا کہ صوبے میں کتنے لوگوں کے پاس سکیورٹی موجود ہے؟ جس پر آئی جی نے جواب دیا کہ اس وقت صوبے میں 3 ہزار اہلکار ذاتی سکیورٹی پر مامور ہیں ۔ چیف جسٹس نے کہا جن کے پاس سب کچھ ہے وہ اپنے لیے سکیورٹی کا بھی خود انتظام کریں ۔ آج دوپہر دو بجے تک سب سے اضافی سکیورٹی واپس لیں ۔ چیف جسٹس نے کہا آئی جی صاحب! آپ کا بہت نام سنا ہے آپ خود دیکھ لیں۔