Wednesday, April 24, 2024

پشاور ، پسماندہ ضلع اپر دیر سے صوبائی اسمبلی کی پہلی خاتون امیدوار میدان میں آگئی

پشاور ، پسماندہ ضلع اپر دیر سے صوبائی اسمبلی کی پہلی خاتون امیدوار میدان میں آگئی
June 25, 2018
پشاور (92 نیوز) خیبر پختونخوا کے پسماندہ ضلع اپردیرسے صوبائی اسمبلی کی پہلی خاتون امیدوار میدان میں آ گئی ہے۔ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر عام انتخابات لڑنے والی حمیدہ شاہد نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کا انتخابات میں حصہ لینے کا مقصد خواتین میں ان کے حقوق کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ ایک ایسے علاقے میں جہاں خواتین ووٹ پول کرنے کے لئے بمشکل نکلتی ہوں کسی خاتون کا الیکشن لڑنا مشکل کام ہے مگر یہ کام دیر کی رہنے والی حمیدہ شاہد نے آسان کرکے  دکھایا۔ پی کے 10اپر دیر سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر  وہ مردوں کا مقابلہ کرکے یہ شعور اجاگر کریں گی کہ ووٹ دینا ہی نہیں ووٹ لینا بھی خواتین کا برابر حق ہے۔ 44 سالہ حمیدہ شاہد کے رشتہ داروں کی اکثریت جماعت اسلامی میں ہے مگر ان کے بقول جب دیر میں دوسری جماعتوں نے خواتین کو ووٹ سے کئی عشروں تک محروم رکھا تو انہیں پی ٹی آئی ہی ایسی جماعت نظر آئی جو خواتین کو بنیادی حقوق دے سکتی ہے۔ حمیدہ شاہد اپنے ضلع میں وہ پہلی خاتون ہے جس نے صوبائی اسمبلی کا انتخاب لڑنے کی نہ صرف جرات کی بلکہ وہ پی ٹی آئی کا ٹکٹ حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہو گئی ۔ انتخاب جیت گئی تو وہ دیر جیسے علاقے سے براہ راست منتخب ہونے والی پہلی خاتون ایم پی اے ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لے گی۔