Thursday, April 25, 2024

پشاور ، پاکستان پریمیئر کرکٹ آن ویل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہو گیا

پشاور ، پاکستان پریمیئر کرکٹ آن ویل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ شروع ہو گیا
December 22, 2018
پشاور (92 نیوز) پشاور کے جمخانہ گراؤنڈ میں پاکستان پریمیئر کرکٹ آن ویل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز ہو گیا ۔ ٹورنامنٹ میں سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ کوئی شاہد آفریدی تو کوئی عمران نذیر بننا چاہتا ہے۔ کہنے کو تو یہ خصوصی افراد ہیں مگر حوصلے پہاڑ جیسے بلند ہیں۔ پشاور میں سماجی تنظیم اور محکمہ کھیل و ثقافت کے تعاون سے معذور افراد کے لئے پاکستان پریمئر کرکٹ لیگ کا آغاز ہوا تو ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لئے دیگر صوبوں سے آئے ہوئے معذور کھلاڑی بھی پر جوش نظر آئے۔ انتظامیہ کے مطابق ٹورنامنٹ کا مقصد معذور افراد کے لئے کھیلوں کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ انہیں تفریح کے مواقع بھی فراہم کرنا ہے۔ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں خیبرپختونخوا کی ٹیم پختون جان کا مقابلہ سندھ سے ہوا جس میں پختون جان نے کامیابی حاصل کی۔ معذور افراد کے اس ٹورنامنٹ میں چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور کشمیر کی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں جس کا فائنل 24 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔