Monday, September 16, 2024

پشاور: وزیراعظم سے استعفیٰ لینےکیلئے قرارداد اسمبلی میں جمع کرادی گئی

  پشاور: وزیراعظم سے استعفیٰ لینےکیلئے قرارداد اسمبلی میں جمع کرادی گئی
April 24, 2017
پشاور(92نیوز)تحریک انصاف نے وزیراعظم سے استعفے کے مطالبے کے لئے قرار داد خیبر پختونخوا اسمبلی میں جمع کرادی ہے۔ دوسری جانب سابق وزیر ضیاء اللہ آفریدی نے تحریک انصاف کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کرلیاہے۔ تفصیلا تکےمطابق پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرنے کے لئے خیبرپختونخوا اسمبلی میں قرار داد جمع کرا دی ہے، قرار داد پی ٹی آئی کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی نے جمع کرائی۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم اپنے عہدے پر فائز رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں، وزیراعظم پر نہ صرف کرپشن کا الزام ہے بلکہ دو سینیئر ججوں نے انہیں نا اہل بھی قرار دیا ہے اس لئے وہ فوری مستعفی ہوں۔ پی ٹی آئی نے اسمبلی سے قرار داد منظور کروانے کے لئے اسمبلی کا اجلاس بلایا تو مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے ایم پی اے اور سابق وزیر ضیااللہ آفریدی بھی متحرک ہو گئے۔ ن لیگ نے سپیکر اسد قیصر کے خلاف انکوائری کرانے اور اس دوران انہیں عہدے سے مستعفی ہونے سے متعلق قرار داد لانے کا اعلان کیا جبکہ ضیااللہ آفریدی نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف قرار داد اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ احتساب کمیشن کے سابق ڈی جی جنرل ریٹائرڈ حامد نے وزیر اعلیٰ پر الزامات لگائے، ان پر معدنیات میں کرپشن کے چارجز بھی لگے مگر انکوائری نہ ہو سکی، قرار داد میں انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے