Sunday, May 12, 2024

پشاور میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں عروج پر

پشاور میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں عروج پر
June 8, 2020

پشاور ( 92 نیوز) خیبرپختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر پشاور میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیاں اپنے عروج پر ہیں ، دو دن کے لاک ڈاؤن کے بعد شہریوں نے بازاروں میں کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑا دیں، خریداروں کی اکثریت نے  ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال کیا اور نہ ہی سماجی فاصلے کا کچھ خیال رکھا۔

پشاورمیں جہاں ایک طرف کورونا وائرس کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے وہیں شہریوں کی جانب سے ایس او پیز کی خلاف ورزیاں بھی اپنے عروج پر ہیں ، دو دن کے لاک ڈائون کے بعد بازار کھلے تو احتیاطی تدابیر اپنائے بغیر شہری بازاروں میں امڈ آئے۔

پشاور صدر کے بازاروں میں کوئی بغیر ماسک کے گھومتا رہا تو کسی نے ہاتھ سینی ٹائز کرنے کا کوئی انتظام کیا، خریداروں نے دکانوں پر سماجی فاصلہ رکھنے کی احتیاط بھی یکسر بھلا دی۔

بازار تو کھل گئے لیکن کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کےلئے ضلعی انتظامیہ کہیں دکھائی نہ دی۔