Friday, March 29, 2024

پشاور میں چکن کی قیمت ایک ہفتے میں 30 روپے فی کلو بڑھ گئی

پشاور میں چکن کی قیمت ایک ہفتے میں 30 روپے فی کلو بڑھ گئی
November 15, 2020
پشاور (92 نیوز) پشاور میں چکن کی قیمت کو پر لگ گئے، ایک ہفتے کے دوران چکن کے نرخ میں 30 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے، چکن بھی اب دالوں کی طرح عام لوگوں کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ پشاور میں انتظامیہ تمام تر کوششوں کے باوجود مہنگائی پر قابو نہ پا سکی، چکن کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں، ہر گزرتے دن چکن کی قیمتوں میں اضافے سے اب یہ عام لوگوں کی قوت خرید سے بھی باہر ہوتا جا رہا ہے، گذشتہ دو ماہ کے دوران چکن کی قیمتوں میں 70 روپے فی کلو گرام تک اضافہ ہوا اور اب یہ 231 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ مرغی فروش قیمتوں میں اضافے کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد کر رہے ہیں جن کا خیال ہے کہ چکن کی افغانستان ترسیل سے صوبہ بھر میں قیمتوں میں استحکام نہیں آ رہا۔ دکانداروں کا یہ جواز اپنی جگہ مگر کورونا کے باعث شادی ہالوں کی ممکنہ بندش کے باعث شادیوں کی تقریبات بڑھ گئی ہیں جس سے چکن کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے اس لئے بھی اس کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ ڈیلروں کے مطابق اگر حکومت نے سپلائرز پر چیک نہ رکھا تو آنے والے دنوں میں چکن کی قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔