Thursday, May 9, 2024

پشاور میں چکن، سبزی اور پھل کی قیمتیں آسمان پر

پشاور میں چکن، سبزی اور پھل کی قیمتیں آسمان پر
May 10, 2021

پشاور (92 نیوز) پشاور میں زندہ چکن تین روپے فی کلو مزید مہنگا ہوکر 296 روپے کلو ہو گیا۔ سبزی فروشوں نے بھی سرکاری نرخ نامہ ہوا میں اڑا دیا۔

پشاور میں رمضان المبارک کے دوران اشیاء خور ونوش کی قیمتیں عید قریب آنے پر بھی کم نہ ہوئیں۔ چکن کی قیمت تو رمضان المبارک کے دوران اونچی اڑان بھرتی رہی۔ تین روپے فی کلو اضافے کے بعد زندہ مرغی 296 روپے کلو ہوگئی۔

سبزی کا سرکاری نرخ نامہ تو جاری کردیا جاتا ہے لیکن مارکیٹ میں کہیں بھی سبزی سرکاری ریٹ پر نہیں مل رہی۔ آلو، ٹماٹر سرکاری نرخ سے دس سے بیس روپے مہنگے فروخت ہو رہے ہیں۔ آلو کا سرکاری نرخ 40 روپے ہے جبکہ مارکیٹ میں پچاس روپے سے کم میں دستیاب نہیں۔ لہسن، شملہ مرچ اور دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی سرکاری نرخ سے زیادہ ہیں۔

رمضان ختم ہونے کو ہے لیکن فروٹ کی قیمتیں تاحال آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ کیلا 220 روپے، امرود 250، اسٹابری 200 روپے کلو فروخت ہو رہی ہے۔