Thursday, April 25, 2024

پشاور میں پولیس حراست میں مرنے والے طالبعلم شاہ زیب کی نماز جنازہ ادا

پشاور میں پولیس حراست میں مرنے والے طالبعلم شاہ زیب کی نماز جنازہ ادا
March 15, 2021

پشاور (92 نیوز) پشاور میں پولیس حراست میں مرنے والے طالبعلم شاہ زیب کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی۔ نمازجنازہ میں ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی محمود جان اور پولیس افسران کی شرکت ہوئی۔

پولیس کے مطابق شاہ زیب نے اپنی جیکٹ کو پھندا بنا کر خودکشی کی، سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی، لڑکے کی موت کے واقعہ پر ورثاء کی جانب سے احتجاج کیا گیا، لاش لینے سے انکار کردیا۔

 دوسری طرف وزیراعلٰی محمود خان کے حکم پر واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے گی۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش، ڈپٹی اسپیکرمحمود جان اور آئی جی پولیس جاں بحق شاہ زیب کے گھر گئے اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔

سی سی پی او پشاور عباس احسن کے مطابق تاحال شاہ زیب کی پوسٹ مارٹم رپورٹ پولیس کو نہیں ملی۔ واقعہ کے بعد حراست میں لئے گئے تھانہ ایس ایچ او اور دیگرعملے کے بیانات قلمبند کر لئے گئے ہیں۔ حوالات کی سی سی ٹی وی فوٹیج انوسٹیگیشن ٹیم کے حوالے کر دی گئی ہے۔

تھانے کی حوالات میں سی سی ٹی وی کیمرہ موجود ہونے کے باوجود طالب علم کی موت نے کئی سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔ حوالات پر پہرہ نہ ہونے اور سی سی ٹی کیمروں کی مانیٹرنگ نہ ہونے جیسے سوالات کا جواب ملنا ابھی باقی ہے۔

جاں بحق طالب علم شاہ زیب کی نمازجنازہ ملازئی ورسک روڈ کے علاقہ میں ادا کر دی گئی۔