Tuesday, May 14, 2024

پشاور میں نان بائیوں کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری

پشاور میں نان بائیوں کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری
January 21, 2020
پشاور ( 92 نیوز) پشاور میں آٹا مہنگا ہونے اور روٹی کی قیمت نہ بڑھنے کے خلاف نانبائیوں کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری ہے ، شہری گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پکی پکائی روٹی کے حصول کےلئے سرگرداں ہیں  ، نانبائی ایسوسی ایشن ایک سو ستر گرام روٹی کی قیمت پندرہ روپے مقرر کرنے کے مطالبے پر بضد ہے۔ آٹا مہنگا ہونے پر پشاور کے نانبائیوں نے روٹی کی قیمت پندرہ روپے مقرر کرنے کے لئے دوسرے روز بھی ہڑتال جاری رکھی ۔ شہر بھر کے تنور ٹھنڈے پڑ جانے سے شہریوں کو ناشتے میں بھی روٹی نہ مل سکی،  جبکہ دوپہر کے کھانے کےلئے بھی پکی پکائی روٹی کےلئے سرگرداں ہیں۔ پشاور شہر، حیات آباد اور دیگر علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے تنور بندہیں، لیکن ضلعی انتظامیہ اور نانبائی ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرانے کی کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔ شہری کہتے ہیں گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث گھروں میں روٹی پکائی نہیں جاسکتی تنور بھی بند ہیں حکومت ہڑتال ختم کرائے تاکہ انہیں کھانے کو روٹی مل سکے۔