Friday, May 17, 2024

پشاور میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں کا احتجاج

پشاور میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہریوں کا احتجاج
August 17, 2020

پشاور ( 92 نیوز) پشاور میں گرمی کی شدت کے ساتھ بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑھی تو شہریوں کا پارہ بھی ہائی ہوگیا۔ گرمی اور لوڈشیڈنگ کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آگئے۔ گنج گیٹ کے مکینوں نے سرکلر روڈ پر ٹائر جلا کر اور رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک بند کردی۔ عاشق آباد کے مکینوں نے ورسک روڈ ٹریفک کےلئے بند کردی۔۔ مظاہرین کہتے ہیں شدید گرمی میں بجلی کی بندش نے زندگی اجیرن کردی ہے۔

پشاور میں حبس اور گرمی کے ستائے شہریوں کو بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی کی آنکھ مچولی نے مشتعل کردیا۔ بجلی کی آنکھ مچولی سے تنگ گنج گیٹ کے مکین سرکلر روڈ پر نکل آئے۔ ٹائرجلائے رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک بند کردی۔ مظاہرین نے پیسکو کے خلاف نعرہ بازی کرکے اپنا غصہ نکالا۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ اس شدید حبس اور گرمی میں پیسکو نے نہ صرف لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا ہے بلکہ کم وولٹیج اور بجلی کی آنکھ مچولی سے گھریلو برقی آلات ناکارہ ہورہے ہیں۔

بجلی کی لوڈشیڈنگ سے تنگ عاشق آباد کےمکین ورسک روڈ پر نکل آئے اور ٹائرجلا کر ٹریفک بند کردی۔ شہریوں نے پیسکو کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔