Saturday, May 11, 2024

پشاور میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 8 دہشتگرد گرفتار، اسلحہ برآمد

پشاور میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 8 دہشتگرد گرفتار، اسلحہ برآمد
June 9, 2020
پشاور (92 نیوز) پشاور میں پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا، 8 دہشت گرد گرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈا پور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ خطرناک دہشت گرد پشاور میں دہشت گردی کے منصوبوں کی پلاننگ کر رہے تھے۔ دہشت گردوں نے 14 جنوری اور 23 فروری کو کارخانو چیک پوسٹ پر ہینڈ گرنیڈ حملے کئے تھے۔ سی سی پی اوکا کہنا تھا کہ چار دہشت گردوں کو پولیس مقابلہ کے بعد حراست میں لیا، گرفتار دہشت گردوں کی نشاندہی پر مزید 4 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں میں لیاقت، خان اکبر، عاکف، واجد، نندار علی، حسین شاہ، محمد زمان اور معراج الدین شامل ہیں۔ محمد علی گنڈا پورنے کہا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم لشکراسلام، جماعت الاحرار اور داعش سے ہے، گرفتار دہشت گردوں نے یکم مئی کو متنی میں تاجروں کے گھر اور بھٹہ خشت اور 10 مئی کو بھانہ ماڑی پر ہینڈ گرنیڈ حملے کئے تھے۔ دہشت گردوں کے قبضہ سے 4 عدد دستی بم، کلاشنکوف اور 4 عدد پستول برآمد ہوئے، تخریب کاری میں استعمال ہونے والے 2 عدد موٹر سائیکل اور ایک موٹر کار بھی برآمد کرلی گئی۔