Monday, May 13, 2024

پشاور میں انسداد پولیو کے قطروں بارے ڈرامہ رچانے والا پکڑا گیا ‏

پشاور میں انسداد پولیو کے قطروں بارے ڈرامہ رچانے والا پکڑا گیا ‏
April 23, 2019

پشاور ( 92 نیوز) پشاور میں پولیو کے قطروں کے حوالے سے ڈرامہ رچانے والا قانون کے شکنجے میں آگیا، ملزم نے بچوں کو بیڈ پر لٹا کر پولیو کے قطروں سے حالت بگڑنے کا ڈرامہ رچایا تھا ۔ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ میرا بیٹا قطرے پینے سے بیمار ہو گیا تھا اس لئے میڈیا کو بتایا۔

پشاور میں پولیو قطروں سے بچوں کی حالت غیر ہونے کی افواہ  ایسی پھیلی کہ اسپتال بچوں سے بھر گئے، محکمہ صحت  کےاعداد و شمار کے مطابق 23 ہزار سے زائد بچے پشاور کے پانچ اسپتالوں میں لائے گئے۔

 دوسری جانب لوگوں میں خوف وہراس پھیلانے اور بچوں سے بے ہوش ہونے کی ایکٹنگ کرانے والے شخص کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے ۔

انسداد پولیو کے قطرے سے بچوں کی حالت غیر ہونے کی افواہیں گرم ہوگئیں تو پورے پشاور شہر سے  دیکھتے ہی دیکھتے والدین اپنے بچوں کو لے کر اسپتال پہنچ گئے ،وزیر صحت ہشام انعام اللہ کے مطابق  23 ہزار سےزائد بچے پشاور کے مختلف اسپتالوں میں پہنچے ۔

وزیرصحت کے مطابق پولیو مہم کے خلاف پروپیگنڈا برداشت نہیں کیا جائے گا اور مہم ہر صورت جاری رہے گی ،وزیر صحت نے عوام کو افواہوں پر کان نہ دھرنے کا مشورہ دیا اور علماء سے مدد کی اپیل کرڈالی۔

دوسری جانب بچوں کی حالت غیر ہونے کا ڈرامہ رچانے اور بچوں سے بے ہوش  ہونےکی ایکٹینگ کرنے والی کی ویڈیوبھی منظر عام پر آگئی ہے ، ویڈیو میں ایک شخص یہ کہتا ہے کہ وہ پولیو کے قطرے نہ پلائیں تو گرفتار ہوجاتے ہیں اور پلائیں  تو بچوں کی یہ حالت ہو تی ہے اس دوران وہ بچوں کو بیڈ پر گرنے کا کہتا ہے ۔

اسی شخص کو ایک اور ویڈیو میں بچوں کی ہلاکتوں  کی افواہیں پھیلاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے  ۔

دوسری جانب پشاور کے بعد خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی پولیو ویکسین سے بچے متاثر ہونے  کی افواہ پھیل گئی ۔ پشاور کے اسپتالوں میں 25ہزار، مردان، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ کے اسپتالوں میں بھی ہزاروں بچے لائے گئے۔

ڈاکٹرز کے مطابق تشویش کی کوئی بات نہیں، بچوں کو معائنے کے بعد بھیج دیا، افواہ پھیلنے پر پشاور کے علاقے ماشو خیل میں لوگوں نے اسپتال پر دھاوا بول دیا تھا۔

وزرا نے خود قطرے پی کر عوام کو افواہوں پر کان  نہ دھرنے کی اپیل کی۔