Monday, May 6, 2024

پشاور موڑ تا اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو بس سروس منصوبے کیلئے پی سی ون کی منظوری

پشاور موڑ تا اسلام آباد ائیرپورٹ میٹرو بس سروس منصوبے کیلئے پی سی ون کی منظوری
September 8, 2020

پشاور ( 92 نیوز) پشاورموڑ سے اسلام آباد ایئرپورٹ تک میٹرو بس سروس منصوبے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، وزارت داخلہ نے ایک ارب 90 کروڑ روپے کے پی سی ون کی منظوری دے دی،سی ڈی اے 30 بسیں خریدے گا، فنڈز کی فراہمی کا معاملہ وفاقی کابینہ کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

پشاورموڑ تا اسلام آباد ایئرپورٹ تک میٹروبس سروس شروع ہونے کی امید ، وزارت داخلہ نےمنصوبے کےلیے ایک ارب 90 کروڑ روپے کے پی سی ون کی منظوری دے دی  جس کے تحت سی ڈی اے کو 30 بسیں خریدنے کی اجازت ہوگی۔۔

پشاور موڑ سے ایئرپورٹ تک میٹروبس سروس کا انتظام بھی سی ڈی اے کے سپرد ہوگا، میٹروبس سروس کا ٹریک مکمل ہونے کے قریب ہے ، 16 ارب روپے کی لاگت سے بننے والا 25.6 کلومیٹرٹریک این ایچ اے سی ڈی اے کے حوالے کرے گا ۔

دوسری جانب سی ڈی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور موڑ سے ایئرپورٹ تک میٹروبس سروس فوراً چلانا ممکن نہیں ، نئی بسوں کی خریداری اور آئی ٹی کے سامان کی تنصیت میں وقت درکار ہوگا۔

پرائیویٹ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے بسیں چلانے پرمعذرت کے بعد سی ڈی اے نے پنجاب میٹروبس اتھارٹی سے رابطے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔