Saturday, April 20, 2024

پشاور : لیگی کارکنوں نے کے پی کے کی اسمبلی پر دھاوا بول دیا ،گیٹ اور جنگلوں پر پارٹی پرچم لہرا دیئے

پشاور : لیگی کارکنوں نے کے پی کے کی اسمبلی پر دھاوا بول دیا ،گیٹ اور جنگلوں پر پارٹی پرچم لہرا دیئے
September 11, 2016
پشاور(92نیوز)پی ٹی آئی کی جانب سے رائے ونڈ میں احتجاج کے خلاف پشاور میں بھی لیگی کارکن خیبر پختونخوا اسمبلی پہنچ گئے، اسمبلی عمارت پر دھاوا بول دیا اور گیٹ اور جنگلوں پر پارٹی کے جھنڈے لہرا دیے، پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ تفصیلات کےمطابق رائے ونڈ میں پی ٹی آئی کے احتجاج کی کال پشاور میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں کو ہضم نہ ہوئی تو احتجاج کے لئے وہ خیبر پختونخوا اسمبلی پہنچ گئے، اسمبلی کے باہر مظاہرے کے دوران نعرے بازی کی مگر کسی نے توجہ نہیں دی۔ کارکن تھک گئے تو خیبر پختونخوا اسمبلی پر دھاوا بول دیا، اسمبلی کی گیٹ اور جنگلے پر چڑھ کر مسلم لیگ ن کے جھنڈے لہرا دیے۔ سکیورٹی سٹاف اور پولیس نے مظاہرین کو اسمبلی کے اندر داخل ہونے سے تو روک دیا تاہم اسمبلی کے گیٹ اور چار دیواری پر وہ اپنی پارٹی کے جھنڈے لہرانے میں کامیاب ہو گئے۔ دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے واقعے پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کے نزدیک رائے ونڈ کے محل کے سامنے پارلیمان کی کوئی حیثیت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ قومی اداروں پر یلغار کی بد ترین تاریخ رکھتی ہے، قوم چوروں اور ان کے ساتھ ملے قومی اداروں کے سربرہان کا احتساب کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی عید کے بعد رائے ونڈ جائے گی اور بھر پور انداز میں پرامن مارچ کرے گی۔ خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان مشتاق غنی نے بھی واقعے کی مذمت کی اور اسمبلی پر پارٹی پرچم لہرانے کو جمہوری روایات کے خلاف قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ لیگی کارکنوں نے ماضی میں بھی سپریم کورٹ پر حملہ کیا تھا، ان کے بقول اگر پولیس نہ ہوتی تو لیگی کارکن اسمبلی میں گھس جاتے۔