Thursday, April 25, 2024

پشاور : عمران خان نے کے پی کے کی 51 فیصد آبادی کیلئے صحت سہولت پروگرام کا افتتاح کر دیا

پشاور : عمران خان نے کے پی کے کی 51 فیصد آبادی کیلئے صحت سہولت پروگرام کا افتتاح کر دیا
August 31, 2016
پشاور(92نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے خیبر پختونخوا کی  اکاون فیصد آبادی کے لئے صحت سہولت پروگرام کا افتتاح کردیا، کہتے ہیں کہ وزیراعظم کو کیا فکر کہ اسپتالوں کی کیا صورتحال ہے، وزیراعظم تو خود علاج کے لیے باہر جاتے ہیں۔ تفصیلات کےمطابق خیبرپختونخوا حکومت نےصوبےمیں غریبوں کومفت طبی امداد فراہم کرنے کے لئے صحت سہولت پروگرام کا آغاز کر کےصوبے کے ایک کروڑ 40 لاکھ افراد کو انشورنس کارڈ جاری کرنےکا اعلان کیا ہے۔ 5 ارب 36 کروڑ روپے کی لاگت سے صوبے کی 51 فیصد آبادی کو حاصل اس سہولت کےتحت عام امراض کےعلاوہ سرطان اور ہیپاٹائٹس جیسی بیماریوں کا بھی علاج ہوگا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پروگرام کا پشاور میں باقاعدہ افتتاح کیا۔ مختلف امراض کے لئے ہسپتالوں میں داخل ہونے والےمزدوروں کو یومیہ ڈھائی سو روپے اجرت، دور درازعلاقوں سے آنے والوں کو 2 ہزار اور زچگی کے لئے آنے والی خواتین کو ایک ہزار روپے ٹرانسپورٹیشن چارجز کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔ عمران خان نے خیبر پختونخوا میں مفت علاج کی فراہمی کے لئے صحت سہولت پروگرام کا اعلان کیا تو وزیراعظم کا لندن میں علاج کا ذکر نہیں بھولے، ان کے بقول لندن میں علاج کرانے والوں کو پاکستان میں اسپتالوں کی کوئی پروا نہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں انسانوں پر خرچ کر کے نیا پاکستان بن رہا ہے، تقریب کے دوران اسپتال میں انتقال کر جانے والوں کی تدفین کے لئے 10 ہزار روپے ادائیگی کا بھی اعلان کیا گیا۔