Sunday, May 5, 2024

پشاور سے کراچی کے لئے نئی مسافر ٹرین " رحمان بابا ایکسپریس " شروع کر دی گئی

پشاور سے کراچی کے لئے نئی مسافر ٹرین " رحمان بابا ایکسپریس " شروع کر دی گئی
December 23, 2018
پشاور (92 نیوز) پاکستان ریلویز نے پشاور سے کراچی کے لئے نئی مسافر ٹرین " رحمان بابا ایکسپریس " شروع کر دی۔ پشاور کینٹ اسٹیشن سے چلنے والی اس ٹرین میں آرام دہ نشستوں کے علاوہ دیگر سہولیات بھی حاصل ہوں گی۔ رحمان بابا ایکسپریس کا روٹ خیبرمیل اور عوام ایکسپریس سے مختلف رکھا گیا ہے۔ پشاور سے کراچی کے لئے شروع ہونے والی رحمان بابا ایکسپریس خیبرمیل اور عوام ایکسپریس کے بعد تیسری ٹرین سروس ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد پشاور آئے تو رحمان بابا ایکسپریس ٹرین کی افتتاحی تقریب میں اپنی حکومت کے فیصلوں سے نالاں نظر آئے، کہنے لگے عوام نے اس لئے ووٹ نہیں دیا کہ چوروں کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا سربراہ بنایا جائے۔ ایک ہزار سے زائد مسافروں کے لئے پشاور سے کراچی تک سستی ترین ٹرین کا افتتاح کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ رحمان بابا ایکسپریس ٹرین مزدور طبقے کے لئے ہے ، 26 گھنٹے میں پشاور سے کراچی تک پہنچے گی۔ شیخ رشید احمد نے پشاور سے لنڈی کوتل تک ریلوے ٹریک کی بحالی اور اس پر سفاری ٹرین چلانے کا بھی اعلان کیا جبکہ سو دنوں میں بیس ٹرینیں چلانے کے بعد اگلے سال 20 مزید ٹرینیں چلانے کا وعدہ بھی کیا۔