Sunday, September 8, 2024

پشاور: سیکریٹریٹ کی بس میں دھماکا، پندرہ افراد جاں بحق، تیس زخمی

پشاور: سیکریٹریٹ کی بس میں دھماکا، پندرہ افراد جاں بحق، تیس زخمی
March 16, 2016
پشاور (نائنٹی ٹو نیوز) مختصر امن کے بعد دہشت گردوں نے پھر پشاور کا رخ کر لیا۔ سیکریٹریٹ کی بس میں دھماکا ہوا جس سے پندرہ افراد جاں بحق جبکہ تیس زخمی ہو گئے۔ دھماکا خیز مواد بس کے اندر نصب کیا گیا تھا جسے ٹائم ڈیوائس کے ذریعے اڑا دیا گیا۔ اسپتال میں متعدد زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ دہشت گردوں نے پھر پشاور کا امن تباہ کر دیا۔ پشاور کینٹ کے علاقے میں سنہری مسجد کے قریب سیکرٹریٹ کی بس کو نشانہ بنایا گیا جس سے سرکاری ملازم زندگی کےحق سے محروم کر دیئے گئے۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکہ نوتھیہ سٹاپ پر ایک مسافرکو اتارنے کے بعد ہوا۔ بارودی مواد ایک سیٹ کے نیچے نصب تھا۔ درگئی سے پشاور آنے والی سرکاری ملازمین کی بس میں 45افراد سوار تھے۔ وزیر اطلاعات کے پی مشتاق غنی نے نائنٹی ٹو نیوز کو بتایا کہ بس پرائیوٹ کمپنی سے حاصل کی گئی تھی اور ملازمین کو مردان سے لا رہی تھی۔ سکیورٹی کے حوالے سے اقدامات بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایس پی کینٹ کا کہنا تھا کہ دھماکا ٹائم ڈیواس کے ذریعے کیا گیا۔ تیس سے زائد زخمی ہوئے جبکہ ایس ایس پی آپریشنز عباس مروت نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، جلد محرکات تک پہنچ جائیں گے۔  سی سی پی او مبارک زیب کے مطابق تفتیش جاری ہے۔ خودکش حملہ قرار دینا قبل ازوقت ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ آٹھ کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ دھماکے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن بھی کیا۔