Friday, April 26, 2024

پشاور: زہریلی شراب پینے سے 3بھائیوں سمیت 5افراد ہلاک

پشاور: زہریلی شراب پینے سے 3بھائیوں سمیت 5افراد ہلاک
January 4, 2017

پشاور (92نیوز) زہریلی شراب پشاور بھی پہنچ گئی۔ غیرمعیاری شراب نے پانچ افراد کی جان لے لی۔ ہلاک ہونے والوں میں تین بھائی اور ان کا ایک کزن بھی شامل ہے۔ نعشیں گھر پہنچنے پراہل خانہ غم سے نڈھال ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق دیسی اور غیرمعیاری شراب پشاور کے مسیحی خاندان کے لئے زہر بن گئی۔ پشاور کے علاقہ سواتی پھاٹک ٹی وی کالونی کے ایک گھر میں رات کو محفل جمی تو شراب کے گھونٹ جیسے جیسے حلق سے اترتے گئے شرکاء محفل کی حالت غیرہوتی گئی جس پرچھ افراد کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا لیکن پانچ افراد زندگی کی بازی ہارگئے۔

ہلاک ہونے والوں میں تین بھائیوں ناصر، قیصر اور وکی کے علاوہ راجہ اور کمال شامل ہیں۔ مرنے والوں کی میتیں گھرلائی گئیں تو کہرام مچ گیا۔  

زہریلی شراب سے متاثرہونے والا ایک شخص شہزاد تاحال تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیرعلاج ہے۔